روزے کی نیت کے مسائل: نیت کی حقیقت, نیت کا حکم, نصف النہار شرعی اور نصف النہار عرفی کا حکم

روزے کے لیے نیت کا حکم:

روزے کے لیے نیت فرض ہے،بغیر نیت کے روزہ نہیں ہوتا۔ (رد المحتار،مراقی الفلاح)

 *نیت کی حقیقت:*

نیت دل کے ارادے اور عزم کا نام ہے کہ دل میں یہ نیت ہو کہ میں اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے روزہ رکھتا ہوں۔ اس سے معلوم ہوا کہ نیت کا تعلق دل ہی کے ساتھ ہے اور حقیقی نیت دل ہی کی ہوا کرتی ہے، اس لیے دل میں نیت کرلی تو یہ بھی کافی ہے۔ زبان سے نیت کے الفاظ ادا کرنا بھی درست ہے لیکن ضروری نہیں۔اگر کوئی شخص دل ہی میں نیت  کرلیتا ہے اور زبان سے نیت کے الفاظ ادا نہیں کرتا تویہ بالکل جائز ہے۔ (رد المحتار)

عربی زبان میں نیت کرنے کا حکم:

نیت کے الفاظ ہر شخص اپنی اپنی زبان میں بھی ادا کرسکتا ہے، اسی طرح  نیت عربی میں کرنا بھی درست ہے لیکن ضروری نہیں۔

عوام میں مشہور عربی نیت کا حکم:

آج کل عوام میں نیت کے یہ الفاظ مشہور ہیں: ’’بِصَوْمِ غَدٍ نَّوَیْتُ مِنْ شَھْرِ رَمَضَانَ‘‘، حتی کہ بعض لوگ تو اس کو سحری کی دعا سمجھتے ہیں بلکہ متعدد ذرائعِ اِبلاغ کے ذریعےاس کی اشاعت کا بھرپور اہتمام  بھی کرتے ہیں، یاد رہے کہ یہ سحری کی دعا تو ہرگز نہیں، البتہ ان الفاظ کے ساتھ نیت کرنا درست تو ہے لیکن یہ الفاظ قرآن وسنت سے ثابت نہیں، اس لیے ان الفاظ کو سنت یا ضروری نہ سمجھا جائے۔ اسی طرح اس کی اشاعت کا اس قدر اہتمام بھی ایک بے بنیاد بات ہے کیوں کہ اس سے بڑی غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں اور لوگ صحیح مسئلے سے ناواقف رہتے ہیں۔

سحری کرنا بھی نیت کے قائم مقام ہے:

سحری کرنا بھی نیت کے قائم مقام ہے البتہ اگر سحری کرتے وقت یہ نیت تھی کہ روزہ نہیں رکھنا ہے تو ایسی صورت میں سحری نیت کے قائم مقام نہیں ہوگی بلکہ روزہ رکھنے کے لیے الگ سے نیت ضروری ہے۔

روزے کی نیت کب تک کی جاسکتی ہے؟

ماہِ رمضان المبارک کے روزے کی نیت کب تک کی جاسکتی ہے؟ اس مسئلہ کی تفصیل سے قبل تمہید کے طور پر کچھ وضاحت ذکر کرنا ضروری ہے۔

 نِصْفُ النَّہار کی حقیقت:

’’نصف النہار‘‘ کے  معنی ہیں: آدھا دن۔ ’’نصف النہار‘‘ کی دو اقسام ہیں: 

1 نصف النہار عرفی:

سورج طلوع ہونے سے لے کر سورج غروب ہونے تک پورے دن کا جتنا بھی وقت ہے اس کے آدھے وقت کو ’’نصف النہار عرفی‘‘ کہتے ہیں، یعنی عرف میں آدھا دن یہیں تک ہوتا ہے۔ اس کو زوال بھی کہا جاتا ہے۔ہمارے ہاں نقشوں میں جو زوال کا وقت لکھا ہوتا ہے تو اس سے یہی نصف النہار عرفی ہی مراد ہوتا ہے، جس کے بعد ظہر کی نماز کا وقت شروع ہوجاتا ہے۔

2️⃣ نصف النہار شرعی:

صبح صادق سے لے کر سورج غروب ہونے تک پورے دن کا جتنا بھی وقت ہے اس کے آدھے وقت کو ’’نصف النہار شرعی‘‘ کہتے ہیں، یعنی شریعت کی نگاہ میں آدھا دن یہیں تک ہوتا ہے۔ اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ نصف النہار شرعی کا وقت نصف النہار عرفی سے کچھ پہلے ہوتا ہے۔

▪ *فائدہ:* ماہِ رمضان کے روزوں کی نیت میں نصف النہار شرعی کا اعتبار ہے نہ کہ نصف النہار عرفی کا۔ 

مسئلہ کی تفصیل:

ماقبل کی وضاحت کے بعد مسئلہ سمجھیے کہ:

1 رمضان کے روزے کی نیت رات سے بھی درست ہےاور سحری کے وقت یعنی صبح صادق سے پہلے بھی درست ہے، البتہ جس شخص نے سحری کے وقت بھی نیت نہیں کی یہاں تک کہ صبح صادق کا وقت داخل ہوگیا تو وہ ’’نصف النہارشرعی‘‘ سے پہلے پہلے روزے کی نیت کرسکتا ہے اس شرط کے ساتھ کہ صبح صادق طلوع ہونے کے بعد کچھ کھایا پیا نہ ہو۔ اسی طرح وہ حضرات جو سحری سے رہ جاتے ہوں اور صبح صادق کے بعد ہی بیدار ہوجاتے ہوں تو ان کے لیے بھی اتنی سہولت ہے کہ وہ نصف النہار شرعی سے پہلے پہلے نیت کرکے روزہ رکھ لیا کریں اس شرط کے ساتھ کہ صبح صادق کے بعد کچھ کھایا پیا نہ ہو اور روزہ توڑنے والا کوئی کام بھی پیش نہ آیا ہو۔

2️⃣ جس شخص نے ’’نصف النہارشرعی‘‘ تک بھی نیت نہیں کی تو اس کے بعد اس کی نیت کا کوئی اعتبار نہیں، اب اس کے ذمے اس روزے کی قضارکھنا ضروری ہے، اور ایسا شخص اس دن دیگر روزہ داروں کی طرح افطار تک کچھ کھائے پیے گا بھی نہیں۔ (رد المحتار علی الدر المختار، فتاویٰ رحیمیہ، مراقی الفلاح مع نور الایضاح، بہشتی زیور)

🌹 *فائدہ:*

سحری اور افطار کے اوقات پر مشتمل کیلینڈر بنانے والے حضرات اگر کیلینڈر میں نصف النہار شرعی کا خانہ بھی بڑھا دیں تو بہت سے لوگوں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔

نفلی، قضا اور کفارے کے روزوں کی نیت کب تک کی جاسکتی ہے؟

یہی حکم نفلی روزوں کا بھی ہے کہ اگر صبح صادق کے بعد کچھ کھایا پیا نہ ہو تو نصف النہار شرعی سے پہلے تک ان کی  نیت درست ہے، البتہ قضا اور کفارے کے روزوں کی نیت صبح صادق سے پہلے پہلے کرنی ضروری ہے، اگر کسی نے صبح صادق سے پہلے نیت نہیں کی تو صبح صادق کے بعد ان روزوں کی نیت معتبر نہیں۔

(بہشتی زیور، رد المحتار)

Aaa

مفتی مبین الرحمٰن صاحب مدظلہ

تبصرے

تحریر کیسی لگی تبصرہ کر کے ضرور بتائیں
اور اپنے اچھے سجھاؤ ہمیں ارسال کریں

جدید تر اس سے پرانی