مسلمانوں کے ذریعے  غیر مسلم میتوں کا انتم سسنکار کیا ہے اسلامی نقطہ نظر

نیوز چینلز اور سوشل میڈیا کے ذریعے کئی ساری اس طرح کی خبریں آ رہی ہیں کہ فلاں جگہ فلاں ہندو کورونا سے مر گیا، کورونا کے ڈر سے اس کے گھر والے، رشتے دار اور پڑوسیوں نے اس کا انتم سنسکار تو دور کی بات، اس کی لاش کے قریب تک جانے سے منع کر دیا، سب دور ہو گئے، ایسے میں مسلمان آگے آئے اور انہوں نے میت کو کاندھا دیا اور میت کو شمشان گھاٹ لے جاکر اس کی چتا بھی جلائی.


میڈیا اسے "انسانیت" اور "بھائی چارہ" کی مثال کہہ رہا ہے، لیکن شریعت کی نظر میں یہ عظیم گناہ ہے، دوسری بات یہ کہ اس کی اولاد، بھائی، اقارب اور پڑوسیوں کو اپنی جان کی اتنی پروا ہے، تو آپ کو کیوں نہیں؟ کیا کورونا آپ کو نہیں لگے گا؟ کیا آپ کو اپنی جان اور اپنی فیملی عزیز نہیں؟


حد ہوتی ہے سیکولرتا دکھانے کی، سیکولرتا، چاٹوکارتا اور بھائی چارہ دکھانے کے چکر میں آپ اپنے گھر والوں کی سیفٹی تو بھولے ہی، شریعت کا حکم بھی بھول گئے؟ بیشک اسلام خدمت خلق کا درس دیتا ہے، اپنوں کا بھی تعاون کیجئیے، غیروں کی بھی مدد کیجئیے، انسانیت کا درد محسوس کیجیے، ایک دوسرے کے زخموں پر مرحم رکھیے، بلا تفریق مذہب سب کے آنسو پوچھیے، لیکن کوئی ایسا کام مت کیجیے جس کی آپ کا مذہب آپ کو اجازت نہیں دیتا.


اسلام غیر مسلموں کے ریتی رواج، سنسکار اور ان کی مذہبی رسومات میں ان کی مشابہت اختیار کرنے کی اجازت نہیں دیتا، جس نے ان کی مشابہت اختیار کی، وہ انہیں میں سے ہوگا.

اسلام لاش کو جلانے کا حکم نہیں دیتا بلکہ دفنانے کا حکم دیتا ہے، لہذٰا آپ کیلئے یہ روا اور جائز نہیں کہ کسی غیر مسلم کی لاش کا انتم سنسکار کرتے ہوئے اس کی لاش کو جلائیں، ہاں اگر کوئی معترض نہ ہو تو غیر مسلم کی لاش کو مٹی میں دبایا جا سکتا ہے، لیکن وہ بھی مسلمانوں کے قبرستان میں نہیں، ان کے لیے الگ کوئی زمین خاص کرکے وہاں ان کی لاشوں کو مٹی میں دبا سکتے ہیں، لیکن بھارتی ماحول میں اس سے سوائے نقصان کے اور کچھ حاصل نہیں ہوگا، جو لوگ کورونا کی لاش سے دور بھاگ رہے ہیں، اس لاش کو آپ کے ذریعے زیر زمین کر دینے کے بعد، وہی لوگ پروپیگنڈہ کریں گے کہ مسلمان ہندوؤں کی لاشوں کو اسلامی طریقے سے دفنا رہے ہیں، لہذٰا اس سے بھی بچا جائے. 


مسلمان ہوش کے ناخن لیں، سیکولرزم کی رسی پکڑنے کے چکر میں شریعت کی نافرمانی نا کریں، خدمت خلق میں جی توڑ محنت کریں، لیکن اسلامی حدود کی خلاف ورزی نا کریں، اسلام زندہ یا مردہ کسی بھی حالت میں مخلوق کو جلانے کی اجازت نہیں دیتا، علماء کرام عوام کو ان مسائل سے آگاہ کریں.کمال الدین سنابلی ،دہلی

مزید پڑھیے 

نفرتوں کا سوداگر اینکر روہت سردانہ کی عبرتناک موت:محمد نصر الله ندوی

استشراق کیا ہے ؟ مستشرق کسے کہتے ہیں ؟ تعریف،آغاز اور جد و جہد

تبصرے

تحریر کیسی لگی تبصرہ کر کے ضرور بتائیں
اور اپنے اچھے سجھاؤ ہمیں ارسال کریں

جدید تر اس سے پرانی